اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں مون سون کا آغاز ہوگیا۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ گلیاں، سڑکیں تالاب بن گئیں، نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوگیا۔
راولپنڈی میں بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح ساڑھے دس فٹ تک پہنچ گئی، جب کہ کٹاریاں، گوالمنڈی، ڈھوک کشمیریاں، شکرالط، صادق آباد، ندیم کالونی، آریہ محلہ اور کری روڑ سمیت کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سب سے زیادہ بارش گولڑہ کے مقام پر 55 ملی میٹر، ایچ ایٹ میں 52 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں اب تک 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی اسلام آباد میں اگلے ہفتے تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ نارووال، ظفر وال اور قصور میں بادل خوب برسے، جس کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ کئی شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ دوسری طرف گلیات میں بھی موسم سہانا ہوتے ہی سیاحوں کی کثیر تعداد پہنچ گئی ہے۔