ناظرہ قرآن کا نصاب جاری، پہلی سے پانچویں تک تعلیم لازمی

Published On 16 July,2021 04:54 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن تعلیم کے 50 نمبر ہونگے۔ پہلی سے تیسری جماعت کے لیے ہفتے میں 3 جبکہ چوتھی اور پانچویں جماعت کے لیے ہفتے میں 4 پیریڈ ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی سے قانون میں ترمیم کے بعد قرآن ناظرہ لازمی تعلیم پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

پنجاب ٹیکسٹ بورڈ نے ناظرہ قرآن کا نصاب بھی جاری کر دیا ہے۔ پی سی ٹی بی کے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پہلی سے پانچویں جماعت تک ناظرہ قرآن کی تعلیم لازمی ہے۔ تمام مسلمان طالبہ کے لیے ناظرہ تعلیم لازمی ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ناظرہ قرآن تعلیم الگ سے لازمی مضمون ہوگا جس کے پچاس نمبر ہونگے۔

مراسلے کے مطابق پہلی کلاس کو نورانی قاعدہ اور قرآن پاک کی آخری چار سورتیں پڑھائی جائیں گی۔

پہلی جماعت کو پہلا اور دوسرا سپارہ پڑھایا جائے گا۔ تیسری جماعت کو تیسرے سے آٹھواں سپارہ پڑھایا جائے گا۔

چوتھی جماعت کو 9 سے 18 تک سپارے پڑھائے جائیں گے۔ پانچویں جماعت کو 19 سے 30 تک سپارے پڑھائیں جائیں گے۔

پہلی سے تیسری جماعت کے ہفتے میں ناظرہ قرآن کے تین پیریڈ ہونگے۔ چوتھی اور پانچویں جماعت کے ہفتے میں ناظرہ کے چار پیریڈ ہونگے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چھٹی سے بارہویں جماعت کے لیے ناظرہ تعلیمی کے لیے کام جاری ہے۔ اس ضمن میں نصاب جلد بتا دیا جائے گا۔

اس فیصلے کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری تعلیم اداروں پر ہوگا ۔ ٹیکسٹ بک بورڈ نے تمام تعلیمی اداروں کو اس ضمن میں انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات کردی ہیں ۔
 

Advertisement