پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ آزاد جموں کشمیر انتخابات میں نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی شکست یقینی ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت اورحکومتی ترجمان شوکت یوسفزئی نے مسلم لیگ کے رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون کی پروپیگنڈا بریگیڈ کشمیر انتخابات کو متنازع بنانا چاہتی ہے، مسلم لیگ نون دھاندلی کے لیے پرانے حربے استعمال کرنا چاہتی ہے، دو جماعتی اقتدار نے کشمیریوں کو پسماندہ رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلی بار عالمی فورم پر کشمیر کے مدعا کو دلیرانہ طورپر پیش کیا، گلگت بلتستان کے بعد کشمیر الیکشن میں بھی شکست اپوزیشن کا مقدر ہے، کشمیری سمجھتے ہیں کہ ان کا کیس عمران خان ہی لڑسکتا ہے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مودی اور بھارت کے خلاف ایک لفظ نہ بولنے والے کشمیریوں کے خیر خواہ بن رہے ہیں، کشمیری جاگ گئے ہیں، ان کو عمران خان جیسا نڈر لیڈرمل گیا ہے۔ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کی خاندانی کرپشن ہی ان کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔