سندھ حکومت کی کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سمز بند کرنے کی تیاری

Published On 24 July,2021 11:02 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سمز بند کرنے کی تیار کرلی۔

سندھ حکومت کی جانب سے این سی او سی کو لکھے گئے خط کے مطابق جن افراد نے ویکسین نہیں لگوائی ان کا مرحلہ وار سم کارڈ بلاک کر دیا جائے۔ خط کے مطابق پہلے مرحلے میں شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے انتباہ کیا جائے گا۔

دوسرے مرحلے میں فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کئے جائیں۔ تیسرے مرحلے میں آؤٹ گوئنگ کال بلاک اور چوتھے مرحلے میں ویکسین نہ لگوانے تک سم کارڈ مکمل بلاک کر دیا جائے۔ سندھ حکومت نے کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں ویکسین نہ لگوانے والے افراد کا سم کارڈ بلاک کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 971 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ ایک ہزار 875 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 841 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 52 ہزار 153، سندھ میں 3 لاکھ 63 ہزار 101، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 41 ہزار 495، بلوچستان میں 29 ہزار 451، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 639، اسلام آباد میں 85 ہزار 351 جبکہ آزاد کشمیر میں 22 ہزار 685 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 56 لاکھ 22 ہزار 535 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 636 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 24 ہزار 782 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 551 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 32 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 971 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 924، سندھ میں 5 ہزار 793، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 411، اسلام آباد میں 790، بلوچستان میں 322، گلگت بلتستان میں 122 اور آزاد کشمیر میں 609 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement