لاہور (رپورٹ:دنیا الیکشن سیل) آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں مختلف سیاسی پارٹیوں سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں نے پانسہ پلٹ دیا، تمام الیکٹیبلز نے کامیابی حاصل کرکے تحریک انصاف کو واضح برتری دلوا دی۔
تحریک انصاف کی جانب سے آزاد کشمیر کے انتخابات 2021 کے لیے بھی الیکٹیبلز پر انحصار کیا گیا تھا اور مختلف پارٹیوں کے اہم رہنمائوں سمیت اپنے حلقوں میں بڑا ووٹ بینک رکھنے والوں کو تحریک انصاف میں شامل کرکے ٹکٹ جاری کردیا گیا تھا۔ ایل اے 3 میرپور شہر سے تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود کامیاب ہوئے ہیں۔
2015میں بیرسٹر سلطان محمود نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی اور تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بن گئےتھے۔ انھوں نے 2016کے عام انتخابات میں بھی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حصہ لیا تھا مگر انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔انھوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز اپنے والد نور حسین کی رہنمائی میں آزاد مسلم کانفرنس سے کیا تھا ۔
بعد ازاں بیرسٹر سلطان محمود نے اپنی پارٹی کو لبریشن لیگ میں ضم کردیا اور اس کے صدر بن گئے تھے۔ اس کے بعدانھوں نے اپنی پارٹی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا اور انتخابات 1996میں کامیابی کے بعد وزیراعظم بنے۔پیپلز پارٹی سے اختلافات ہونے کے بعد انھوں نے 2005میں اپنی پارٹی بنائی اور اس کا نام پیپلز مسلم لیگ رکھا اور اسی سال آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کی بنیاد رکھ کر پیپلز مسلم لیگ ختم کردی۔
پھر مسلم لیگ ق کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑ کر کامیابی حاصل کی ۔اس کے بعد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جب پارٹی سے ان کے اختلافات ختم کرائے تو یہ اپنی بنائی پارٹی کو ختم کرکے دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے تھے۔
آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 27 مظفر آباد سے تحریک انصاف کے امیدوار میر عتیق الرحمان کامیاب ہوئے ہیں۔ انھوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز مسلم کانفرنس سے کیا تھا تاہم انتخابات 2021 کے لیے انھوں نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پونچھ سندھوتی کے حلقہ ایل اے 24سے تحریک انصاف کی جانب سے سردار فہیم اخترکو ٹکٹ جاری کیا تھا جنھوں نے پارٹی میں شمولیت کے بعد پہلا الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی ہے۔ گزشتہ انتخابات میں انھوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ سے الیکشن لڑا تھا۔
اس سے قبل ان کے والد سردار فہیم اختر بھی پیپلز پارٹی سے ہی وابسطہ رہے تھے ۔ ایل اے 18 پونچھ سدھوتی کے حلقے سے سردار عبدالقیوم نیازی تحریک انصاف کے امیدوار تھے جو کامیاب رہے ہیں ۔ انھوں نے بھی حالیہ انتخابات سے قبل تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انھوں نے اپنا سیاسی سفر مسلم کانفرنس سے شروع کیا تھا اور 2016میں انتخابات میں حصہ لیا تھا۔
اسی طرح بھمبر ایل اے 06 سےبھی انتخابات سے قبل تحریک انصاف میں شامل ہونے والے امیدوار چوہدری علی شان سوہنی نے بھاری ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ انھوں نے پیپلز پارٹی سے اپنی سیاست کاآغاز کیا اور 2011 کا الیکشن پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر لڑا جس میں ان کو شکست ہوئی، البتہ 2016کے انتخابات میں وہ آزاد حیثیت سے میدان میں اترے اور کامیاب ہوئےتھے۔بھمبر ایل اے 07سے بھی تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری انوارالحق نے کامیابی حاصل کی ہے۔ انھوں نے اپنا سیاسی سفر مسلم کانفرنس سے شروع کیا اور 2010میں آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر بھی رہے۔