اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کو بارشوں میں احتیاط برتنے کی تاکید کردی۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکم دے دیا، این ڈی ایم اے اور دیگر ادارے صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار رہیں۔
With the heavy monsoon rains I want to alert and caution our citizens to take special care. I have also directed all the relevant reponse agencies including NDMA to be on high alert with ready & rapid emergency response actions.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 28, 2021
اسلام آباد اور راولپنڈی میں علی الصبح طوفانی بارش سے وفاقی دارالحکومت کے پوش علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ متعدد گاڑیاں بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔ پانی گھر میں داخل ہونے سے ماں، بیٹا بھی جان کی بازی ہار گئے۔
ایف ٹین، ای الیون اور ڈی ٹوایلیوو کے سیکٹرز سب سے زیادہ متاثر ہوئے، پانی گھروں اور پلازوں میں داخل ہوگیا جبکہ سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہیں ہیں۔ ای الیون ون گھر کی بیسمینٹ میں ماں اور آٹھ سال کا بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ 13 سالہ بیٹی اور 5 سالہ بیٹے کو بچا لیا گیا۔ صورتحال پر شہری انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے خلاف پھٹ پڑے۔
راولپنڈی میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح ساڑھے اکیس فٹ تک بلند ہونے پر پاک فوج کے دستے انتظامیہ کی مدد کو پہنچ گئے۔ امدادی کارروائیوں کے بعد وقتی طور پر صورتحال قابو میں ہے تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات ایک با ر پھر اسی شدت کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ تیز بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہے گا۔