منامہ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی منامہ میں بحرین کے نائب وزیر اعظم شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ سے خصوصی ملاقات ہوئی۔ اس دوران دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاک بحرین تعلقات، یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں معاشی ترجیحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان بحرین کے ساتھ اقتصادی، تجارتی وباہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم فیٹف کے معاملے پر بحرین کی طرف سے فراہم کردہ حمایت پر تہہ دل سے ممنون ہیں۔ انہوں نے کورونا وبا کے دوران پاکستانی کمیونٹی کا خصوصی خیال رکھنے پر بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بحرین وزارتی کمیشن اہمی تعلقات کے فروغ کیلئے اہم فورم کی حثیت رکھتا ہے۔ بحرینی نائب وزیراعظم شیخ محمد بن مبارک الخلیفہ نے پاکستان کی قیادت اور عوام کے لئے خیر سگالی کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی بحرین کی تعمیر اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔