منامہ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات ہوئی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کو وزیراعظم عمران خان اور صدرِ ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے شاہی خاندان اور بحرینی عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، بحرین کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اسے مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ شاہ حمد بن عیسٰی الخلیفہ نے بحرین کی تعمیر وترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے بحرین میں مقیم پاکستانیوں کا خصوصی خیال رکھنے پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس کی میزبانی پر شاہ بحرین کو مبارکباد دی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے، دو طرفہ تجارتی، اقتصادی وکثیر الجہتی تعاون بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات، یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار پر استوار ہیں۔ دسمبر 2019ء میں شاہ بحرین کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کے دورہ بحرین سے ان تعلقات میں مزید وسعت پیدا ہوئی۔
وزیر خارجہ نے سلطنت بحرین کی جانب سے اسلام آباد میں "کنگ حمد نرسنگ یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل ہسپتال" کا تحفہ دینے پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان اور بحرین کے مابین مضبوط اور مستحکم دو طرفہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔
وزیر خارجہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے شاہ بحرین شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔