بلوچستان اسمبلی: کورونا کیلئے مختص فنڈز، اپوزیشن کا بڑے پیمانے پر کرپشن کے الزام

Published On 03 August,2021 10:23 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کا حکومت پر کورونا وائرس کے دوران مختص اربوں روپے کے فنڈز میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے الزامات لگا دیئے ہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ محکمہ پی ڈی ایم اے نے شیمپو، ماسک، بچوں کے کھلونوں، پانی کی بوتلوں اور کھانوں پر دو ارب سے زائد فنڈز خرچ کر ڈالا ہے۔

تفصیل کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے کورونا وائرس کے دوران مختص ساڑھے چھ ارب روپے کے فنڈز میں بڑے پیمانے پر رقم کرپشن کے نذر ہونے پر پی ڈی ایم اے اور متعلقہ وزیر کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ اتنے مریض نہیں تھے لیکن حکومت نے اربوں روپے کن پر خرچ کئے؟

اپوزیشن کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنی دکانداری چمکا رہی ہے۔ کورونا ایمرجنسی کے دوران تفتان بارڈر اور کوئٹہ کے کیمپوں میں ہزاروں زائرین کو سہولیات پہنچانا حکومتی ترجیحات تھیں۔

سپیکر نے اپوزیشن کے مطالبہ پر کرپشن کے الزامات پر معاملہ کو اسمبلی کی کمیٹی کے سپرد کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے سے ایوان میں بریفنگ طلب کر لی ہے۔