ساہیوال سے بازیاب ہونے والی چاروں بچیوں کو والدین کے ساتھ بھجوانے کا حکم

Published On 06 August,2021 02:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے ساہیوال سے بازیاب ہونے والی چار بچیوں کا بیان ریکارڈ کرلیا، چاروں بچیوں کی والدین کے ساتھ جانے کی استدعا قبول کرلی، ابتدائی میڈکل رپورٹ کے مطابق بچیوں سے زیادتی ثابت نہیں ہوئی۔

ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے سماعت کی، پولیس نے مقدمے میں گرفتار ملزمان کو عدالت پیش کیا جبکہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بازیاب ہونے والی چاروں بچیوں کو عدالت پیش کیا، دوران سماعت بچیوں کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ بچیوں سے زیادتی ثابت نہیں ہوئی۔

عدالت نے بند کمرے میں چاروں بچیوں کے بیانات ریکارڈ کیے، بچیوں نے بیان دیا کہ وہ گھر سے سیر کے لیے نکلی تھیں تاہم ملزمان نے انہیں اغوا کر لیا اور گھر میں قید کر دیا جس کے بعد انہیں ساہیوال لیجایا گیا، بچیوں نے اپنے بیان میں استدعا کی کہ وہ والدین کے ساتھ جانا چاہتی ہیں لہذا عدالت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو بچیوں کو والدین کے ساتھ بھجوانے کا حکم دے۔

عدالت سے واپسی پر ملزم نے کہا کہ بچیاں رضا مندی سے آئی تھیں جبکہ والدین بھی سارے معاملے میں ملوث تھے۔ دوران سماعت چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے درخواست دائر کی کہ بچیوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زریعے والدین کے حوالے کیا جائے جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ عدالت نے پولیس کو بچیوں کو والدین کے ساتھ بھجوانے کا حکم دے دیا۔
 

Advertisement