اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مبینہ اغوا کے معاملے پر افغانستان سے درخواست کی ہے کہ سفیر کی صاحبزادی، سفارتخانے اور فون ڈیٹا تک رسائی دی جائے۔
تفصیل کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی کے معاملہ پر دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان وزارت خارجہ کا بیان اورافغانستان کے سفیر کی صاحبزادی کی ویڈیو دیکھی۔ افغان وفد کو بتایا گیا تھا کہ تحقیقاتی حقائق افغان سفیر کی صاحبزادی کے بیان کی تصدیق نہیں کرتے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ امید ہے کہ افغانستان کی حکومت جلد ازجلد مطلوبہ معلومات اور رسائی فراہم کرے گی۔ افغان وفد کو سفیر کی صاحبزادی سے متعلق تمام حقائق سے آگاہ کیا جا چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان وفد کو ان تمام مقامات کا دورہ کرایا گیا جہاں افغان سفیر کی صاحبزادی 16 جولائی کو گئی تھیں۔ وفد کو ایف 7، جی 7، راولپنڈی، دامن کوہ، ایف 6 اور ایف 9 پارک کا دورہ کرایا گیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ افغان وفد کو جیو فنسنگ سمیت تمام ٹیکنیکل ڈیٹا دکھایا گیا۔ ٹیکسی ڈرائیورز کے بیانات سے اس ڈیٹا کی تصدیق ہوئی۔