پاکستان نے ذرائع ابلاغ کی غیر مصدقہ رپورٹوں کو یکسر مسترد کر دیا

Published On 10 August,2021 06:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ذرائع ابلاغ کی غیر مصدقہ رپورٹوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے جن پر پاکستان پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک مقیم مخالفین کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔

ان بے بنیاد الزامات سے متعلق صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہیں بھی رہنے والے پاکستان کے شہریوں سمیت کسی بھی ملک کے کسی بھی شہری کو کسی بھی بہانے سے دھمکیاں دینے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ترجمان نے کہا کہ یہ غیر مصدقہ الزامات بظاہر پاکستان اور اس کے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کیلئے غلط معلومات پھیلانے کی جاری مہم کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فعال سول سوسائٹی، آزاد ذرائع ابلاغ اور خود مختار عدلیہ کے ساتھ پارلیمانی جمہوریت قائم ہے جو بلا تفریق اپنے شہریوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔

 

Advertisement