پاکستان نے کنٹرول لائن کے ذریعے دہشت گرد داخل کرنے کا بھارتی الزام مسترد کر دیا

پاکستان نے کنٹرول لائن کے ذریعے دہشت گرد داخل کرنے کا بھارتی الزام مسترد کر دیا

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی جھوٹے پراپیگنڈے کی مہم کسی سے ڈھکی چھپی نہیں مقبوضہ جموں وکشمیر دنیا کا ایسا زون ہے جہاں سب سے زیادہ فوجی موجود ہیں ، اس وقت 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوجی کشمیر میں موجود ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت نے کنٹرول لائن پر باڑلگائی ہے ،الیکٹرانک آلات سے بھی نگرانی کرتا ہے ۔بھارت نے سیکیورٹی کے کئی حصار قائم کررکھے ہیں،ان اقدامات کے تناظر میں کسی کے لیے ایل او سی پار کرنا ممکن نہیں ، بھارت مقبوضہ کشمیر اور پاکستان میں دہشت گردی کرارہا ہے ، سمجھوتہ ایکسپریس سے لے کرلاہور بم دھماکہ تک بھارتی دہشت گردی عیاں ہے ،2020 میں دنیا کو بھارتی دہشت گردی ،دہشت گردوں کی مالی معاونت سے متعلق ٹھوس ثبوت دیئے ۔

انہوں نے کہا کہ فروری 2021 میں پاکستان نےفائربندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بھارت سے بات کی، اقدام کا مقصد خطہ میں امن اور کشمیریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا ۔

دفتر خارجہ ترجمان نے بھارت کو متنبہ کیا کہ دراندازی کے نام پر جھوٹ بول کر فائربندی مفاہمت کو نقصان نہ پہنچایا جائے ،بھارت فلیگ آپریشنز کے ذریعہ جھوٹ پھیلانے سے باز رہے ، غیر ذمہ دارانہ بھارتی بیاناتت سے خطہ میں امن اور سیکیورٹی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔