وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچ گئے

Published On 28 July,2021 04:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ اہم اجلاسوں میں پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے۔ بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد اور پاکستانی سفیر نے ان کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ بحرین میں منعقدہ پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمشن (جے ایم سی) کے دوسرے اجلاس میں وفد کی قیادت اور دوسرے اجلاس میں پاکستان کی طرف سے مشترکہ صدارت کریں گے۔

جے ایم سی کے اجلاس میں کامرس، سرمایہ کاری، توانائی، بیرون ملک ملازمت، زراعت، اطلاعات ونشریات، سیاحت سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس دورے کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سمیت بحرین کی قیادت سے ملاقات کریں گے اور ان سے دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین میں مشترکہ عقیدے اور اقدار کی بنیاد پر گہرے اور قریبی برادارانہ تعلقات استوار ہیں۔

خیال رہے کہ بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کی دعوت پر دسمبر 2019ء میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ بحرین کے بعد سے بحرین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہیں۔

اس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کو بحرین کے اعلیٰ اعزاز ”کنگ حمد آرڈر آف رینائیسنس“ سے نوازا گیا۔

پاکستان اور بحرین باہمی مفاد میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ توقع ہے کہ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا دورہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی مثبت رفتار کو مزید مہمیز دینے میں ممد ومعاون ثابت ہوگا۔
 

Advertisement