بلوچستان میں ایف سی کی گاڑی پر دہشتگردوں کی فائرنگ، شیخ رشید کی واقعے کی مذمت

Published On 14 August,2021 12:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ لورالائی بلوچستان میں ایف سی کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعے میں شہید نائیک شریف کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایف سی گاڑی پر فائرنگ ایک انتہائی بزدلانہ کاروائی ہے، دہشت گردی کی بزدلانہ کاروائیاں ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے صوبہ بلوچستان کے علاقہ لورالائی کے قریب ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے نائیک کی بلند درجات کے لئے دعا کی۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی امن کیلئے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اس طرح کی بزدلانہ تخریبی کارروائیوں سے ملک اور بالخصوص بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی، دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں، ملک دشمن عناصر کو بلوچستان میں قربانیوں سے حاصل کیا گیا امن سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔
 

Advertisement