سرینگر: (دنیا نیوز) بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ، وادی اور جموں میں سیاہ پرچم لہرا دیئے گئے۔
میرپور آزاد کشمیر میں ضلع کچہری سے چوک شہیداں تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، شرکا نے سیاہ جھنڈے اٹھا کر بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پورے مقبوضہ کشمیر میں ایسے پوسٹرز چسپاں کئے گئے جن میں بھارتی یوم آزادی کو کشمیریوں کیلئے یوم سیاہ قرار دیا گیا ہے۔
مقبوضہ وادی میں حریت کانفرنس نے مکمل ہڑتال کی کال دے رکھی ہے، بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف پورے کشمیر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جن میں حق خودارادیت کا اعادہ کرتے ہوئے بھارتی تسلط سے نجات کے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر میں سخت سیکیورٹی اقدامات کئے تاہم کشمیری عوام کا جوش و جذبہ برقرار اور احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔