اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تنازعہ یمن کو بات چیت اور سفارتی طریقہ کار کے مطابق حل کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سعودی چیف آف جنرل سٹاف نے ملاقات کی، وزیراعظم نے شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عمران خان کا دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، پاک سعودی باہمی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران یمن کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا، وزیراعظم نے تنازعہ یمن کے حل کیلئے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔
سعودی چیف آف سٹاف نے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کو سراہا اور پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کی قیادت کے لئے خاص جذبات رکھتی ہے، امید ہے پاک سعودی اعلیٰ مشاورتی کونسل تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
عمران خان کاکہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت اور یکجہتی کی حمایت جاری رکھے گا۔ امید ہے مستقبل میں پاکستان اور سعودی عرب میں دفاعی تعاون مزید فروغ پائے گا، تنازعہ یمن کو بات چیت اور سفارتی طریقہ کار کے مطابق حل کی حمایت کرتے ہیں۔