اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر ملک وقوم کے عزم متزلزل کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، دنیا کی کوئی طاقت ہمارے درمیان دوستی میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) خطے میں تبدیلی کا بہترین منصوبہ ہے، اس کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، معاملات مذاکرات سے حل کرنے کے حامی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے یہ اہم باتیں چینی سفیر نونگ رونگ کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کورونا کے دوران تعاون اور ویکسین کی فراہمی پر چینی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر چین کے سفیر نے وزیراعظم عمران خان کو چینی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا۔