الیکشن ریفارمز مسترد، پی ڈی ایم کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

Published On 11 August,2021 08:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے الیکشن ریفارمز مسترد کرتے ہوئے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حوالے سے سخت موقف اختیار کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں ہونے والے پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں انتخابات ترمیمی بل پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اس معاملے پر سخت موقف اختیار کرے گی۔

اس کے علاوہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق بھی پی ڈی ایم نے سخت موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ نے بڑا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی خالی نشستوں کو پر کیا جائے۔

آفتاب شیر پاؤ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کے خالی کردہ عہدوں پر تقرریاں کی جائیں۔

اجلاس کے دوران پی ڈی ایم نے حکومت کے ہر طرح کے الیکشن ریفارم کو مسترد کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم نے الیکشن پر مکمل توجہ مرکوز کرنے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ملک گیر مہنگائی کے خلاف تحریک چلانے کی تجویز دی۔
 

Advertisement