کابل میں پاکستانی سفارتخانہ غیر ملکیوں کے انخلا میں مدد فراہم کر رہا ہے: منیر اکرم

Published On 20 August,2021 11:49 am

نیویارک: (دنیا نیوز) منیر اکرم نے کہا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ غیر ملکیوں کے انخلا میں مدد فراہم کر رہا ہے، پاکستانی سفارتخانہ کابل میں کھلا ہے، ویزہ درخواستوں پر کام ہو رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اب تک امریکیوں سمیت 1100 سے زائد افراد کا انخلا کیا جاچکا ہے، سفارتکاروں اور غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے پی آئی اے نے خصوصی انتظامات کیے ہیں، زمینی راستے کے ذریعے بھی مصدقہ دستیاویزات ہونے پر لوگوں کو داخل ہونے دیا جا رہا ہے، غیر ملکی سفارتخانوں کے عملے، عالمی تنظیموں کے نمائندوں اور صحافیوں کا انخلا کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب افغانستان میں ہنگامی صورت حال کے پیش نظر پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے کئی عالمی تنظیموں اور مختلف ممالک کے شہریوں کو لایا جا رہا ہے۔ افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور احمد خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے نے اس کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

بین الااقوامی میڈیا نے بھی قومی ائیر لائن کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ائیر لائن نے بلا تفریق مختلف ممالک کے شہریوں کو کابل سے انخلا میں مدد کی۔ پی آئی اے نے امریکا، جرمنی، کینیڈا، جاپان، ہالینڈ اور فلپائن کے شہریوں کو کابل سے نکالا۔
 

Advertisement