افغانستان سے پاکستانیوں کا انخلا مکمل کر چکے ہیں، سفیر منصور احمد خان

Published On 23 August,2021 10:41 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستانیوں کا انخلا مکمل کر چکے ہیں، گزشتہ ہفتے 400 پاکستانیوں کو بحفاظت وطن واپس بھیجا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا کامران خان کیساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت افغانستان میں 20 سے 30 پاکستانی کام کر رہے ہیں، ہم انخلا میں غیر ملکیوں کی بھی مدد کر رہے ہیں۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ حکومت سازی کیلئے طالبان کی ملاقاتیں جاری ہیں۔ طالبان 31 اگست تک غیر ملکی افواج کا انخلا چاہتے ہیں۔ غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان نئی حکومت کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغان امن عمل کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ افغانستان میں حکومت کیسی ہوگی، ہمارا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ پاکستان صرف افغانستان میں امن چاہتا ہے۔