فیصل آباد: (دنیا نیوز) ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے رکشوں کے روٹ پرمٹ کی تجدید کا نظام روک دیا۔ پرمٹ نہ ہونے کے باعث کثیر تعداد میں گاڑیاں بند ہونے لگیں۔
پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے آٹوکیب رکشوں کے روٹ پرمٹ کی تجدید کا نظام غیر اعلانیہ طور پر بند کر دیا گیا۔ جس کے نتیجہ میں ایک طرف تو فیصل آباد میں چلنے والے تقریبا سترہ ہزار کے لگ بھگ آٹو رکشوں میں سے ہزاروں کے پرمٹ کی تجدید روک دی گئی اور دوسری طرف انہیں رکشوں کو تجدید نہ ہونے پر پکڑ کر جرمانے کئے جا رہے ہیں جس پر ڈرائیورز سراپا احتجاج ہیں۔
آئی ٹی یونٹ کی فنی خرابی کا جواز بنا کر کر پشن کی راہ ہموار کرتے ہوئے فائلین جمع کروانے والوں سے رشوت لی جا رہی ہے جبکہ روٹ پرمٹ کیلئے جمع کروائی جانیوالی فائلوں پر زیرو فیس تحریر کر کے سائلین کو ٹرخا دیا جاتا ہے۔ سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا ہے کہ سسٹم میں خرابی آ رہی ہے، حکام سے رجوع کیا ہے، جلد ہی یہ مسئلہ حل کروالیا جائے گا۔
آٹو کیب رکشہ ڈرائیوروں نے روٹ پرمٹ کی تجدید کے ساتھ ساتھ روٹ پرمٹ فیس میں بھی کمی کا مطالبہ کیا ہے۔