فیصل آباد میں اینٹوں کی قیمت میں من مانا اضافہ، انتظامیہ خاموش تماشائی

Published On 09 August,2021 08:42 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بھٹہ مالکان کی جانب سے اینٹوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے، اول درجہ کی ایک ہزار اینٹ کی قیمت 11500 مقرر کر دی گئی جبکہ انتظامیہ سرکاری ریٹ پر عمل کروانے میں ناکام ہے۔

گزشتہ سال ضلعی انتظامیہ نے اینٹوں کے سرکاری ریٹ مختص کئے تھے اور ان پر عمل درآمد کروانے کے لیے ٹاسک، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو سونپا گیا، بھٹہ پر تیار ہونے والی اول درجہ کی ایک ہزار اینٹیں 7400 اور درجہ دوم کی اینٹوں کی قیمت 5900 روپے مقرر کی گئی، ضلعی انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخ نامے بھٹوں پر آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا گیا لیکن شہری کہتے ہیں کہ بھٹہ مالکان سرکاری ریٹ کی بجائے خود ساختہ مقرر کیے گئے داموں پر اینٹیں فروخت کرتے ہیں۔

بھٹہ مالکان کہتے ہیں کہ کوئلے سے ٹرانسپورٹ تک کے ریٹ بڑھ چکے، ایسے میں سرکاری ریٹ پر اینٹیں بیچنے سے انہیں نقصان ہوگا۔ اینٹوں کی مہنگے داموں فروخت پر ڈپٹی کمشنر نے موقف دیتے ہوئے دعوی کیا کہ سرکاری ریٹ کو یقینی بنائیں گئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اگر اینٹوں کے ریٹ کنٹرول نہیں کیے گئے تو تعمیراتی کام مہنگا ہونے کے باعث متاثر ہو گا۔
 

Advertisement