سی پیک یورپی یونین سےملانےکیلئےافغانستان میں امن ناگزیر ہے: فواد

Published On 27 August,2021 08:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کا خواہشمند ہے۔ سی پیک کو یورپی یونین سے منسلک کرنے کیلئے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔

انہوں نے یہ بات بین الصوبائی رابطے کی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور بدین پریس کلب کے عہدیداران سے آج اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان، اقتصادی راہداری منصوبے کو یورپی یونین سے ملانا چاہتا ہے اور یہ صرف افغانستان میں امن کی صورت میں ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اس سے قبل سابق افغان صدر اشرف غنی کو سب دھڑوں پر مشتمل حکومت تشکیل دینے کی تجویز دی تھی۔ اب ہم طالبان کو بھی مخلوط حکومت تشکیل دینے کی تجویز دیں گے۔

فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان نے طالبان کو افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ کیا مگر بدقسمتی سے اشرف غنی نے ہماری بات نہیں سنی۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات نے بدین پریس کلب کے عہدیداران کے مسائل سنے اور ترجیحی بنیادوں پر ان کے مسائل حل کرنے کا یقین دلایا۔
 

Advertisement