افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہوگی،طالبان نےکہہ دیا:فوادچودھری

Published On 17 August,2021 05:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ طالبان نے کہہ دیا کہ افغان سرزمین کسی بھی صورت پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈٰیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ افغان معاملے پر تنہائی میں فیصلہ نہیں کرنا چاہتے، عالمی طاقتوں سے مل کر لائحہ عمل بنائیں گے، دوست ممالک اور افغان گروہوں سے رابطے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے افغان معاملے پر تفصیلی بات چیت کی، وزیراعظم نے صورتحال پر کابینہ کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ چین نے ابھی تک طالبان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی میں ہم نے افغانستان کے معاملے میں ایک بنیادی کنڈیشن رکھی ہے۔ ہم ترکی، چین اور امریکا کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے خود کہا ہے کہ افغان سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں کیا جائے گا۔ یہ طے شدہ بات ہے کہ کسی دہشت گرد کو افغان سرزمین استعمال نہیں کرنے دی جائے گی۔

سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین ضروری ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے آئندہ 15 دنوں میں حتمی فیصلہ کریںگے۔
 

Advertisement