پاک بحریہ کے جہاز کا سعودی عرب کی جدہ بندرگاہ کا دورہ

Published On 27 August,2021 08:43 pm

جدہ: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کے جہاز ذوالفقار نے بیرون ملک تعیناتی کے دوران سعودی عرب کی بندرگاہ جدہ کا دورہ کیا۔

بندرگاہ پر قیام کے دوران سعودی عرب کی شاہی بحریہ کے کمانڈر ویسٹرن نیول فلیٹ کمانڈ ریئرایڈمرل یحییٰ بن محمد العسیری اور کمانڈر ویسٹرن نیول ایوی ایشن گروپ ریئرایڈمرل محمد بن سعید الاحمری نے پاک بحریہ کے بحری جہاز کا دورہ کیا اور مشن کمانڈر کموڈور سید رضوان خالد سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دورے پر آئے مہمان نے علاقائی امن اور سمندری تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو تسلیم کیا۔

جدہ بندرگاہ کے دورے سے قبل پاک بحریہ کے جہاز ذوالفقار نے اطالوی بحریہ کے جہاز VEGA اور ترک بحریہ کے جہاز TCG GOKCEADA کے ہمراہ بحریہ روم میں مشقیں کیں۔

یہ مشقیں سمندری روک تھام کی کارروائیوں، بورڈنگ اور فوجی تحفظ سے متعلق جدید سمندری مشقوں پر مشتمل تھیں۔

ان مشقوں کا مقصد بحری افواج میں اشتراک کے ذریعے عسکری تعاون میں اضافہ اور دوست ممالک کی بحری افواج کے درمیان اشتراک عمل کو فروغ دینا تھا۔
 

Advertisement