پاک فوج کی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، وزیر داخلہ کی شدید مذمت

Published On 29 August,2021 09:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ضلع باجوڑ میں سرحد پار سے پاک فوج کی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی مذمت کی ہے۔

وزیر داخلہ نے فائرنگ سے سپاہی جمال اور سپاہی ایاز کی شہادت کی اطلاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے وطن عزیز کی خاطر جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

خیال رہے کہ باجوڑ ڈسٹرکٹ میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ میں پاک فوج کے دو جوان وطن کی خاطر شہید ہو گئے ہیں۔ پاکستان نے افغان سرزمین سے حملے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان بین الاقوامی بارڈر پر قائم پاک فوج کی چوکی پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی۔

پاک فوج نے فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ دہشتگردوں نے افغان علاقے سے فوجی چوکی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونیوالوں میں سپاہی جمال اور سپاہی ایاز شامل ہیں۔ 28 سالہ شہید سپاہی جمال مردان جبکہ 21 سالہ شہید سپاہی ایاز چترال کے رہائشی تھے۔