افغانستان کے امن سے پورے خطے کا امن وابستہ ہے، اسد مجید خان

Published On 29 August,2021 05:19 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں پاکستان کے متعین سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ افغانستان کے امن سے ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا امن وابستہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ پاک امریکا دو طرفہ تعلقات کی بہت طویل تاریخ ہے ہمارے تعلقات کو کسی تیسرے فریق کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف امریکی نیوز چینل ڈی وی ایم، ڈی سی ڈبلیو 50 کے پروگرام ’’کیپیٹل ریویو‘‘کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی کے مطابق پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال سے متعلق پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔ پاکستان، افغانستان میں انخلا کے عمل میں مدد کر رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری اور امریکا سمیت سب کو ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا اور ایک ساتھ مل کر کام کرکے اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ افغانستان میں حالات خانہ جنگی میں تبدیل نہ ہوں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان کے امن سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا امن وابستہ ہے،وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کے افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے،افغانستان میں دیر پا امن کے لئے ہم آہنگی کے ساتھ جامع اور عملی اقدامات کرنا ہوں گئے۔

انہوں نے کہا کہ حقائق سے معلوم ہو رہاہے کہ طالبان اپنے رویوں میں عالمی برادری کی توقعات کو اہمیت دےرہے ہیں اور جو وعدے کیے ہیں، ان پر ابھی تک عمل کرتے نظر آرہے ہیں،ہم بہتری کیلئے پرامید ہیں اور ہماری حالات پر نظر ہے،پاکستان ،افغانستان میں سیاسی تصفیہ پر مبنی امن کا حامی ہے،بین الاقوامی برادری باالاخصوص امریکا، روس اور چین کے ساتھ مل کر افغانستان میں تمام فریقین کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان و امریکا سمیت کسی کے خلاف استعمال نہ ہو، پاک ۔امریکا دو طرفہ تعلقات کی بہت طویل تاریخ ہے ، ہمارے تعلقات کو کسی تیسرے فریق کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔