وزیراعظم عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا واحد لیڈر ہیں: فرخ حبیب

Published On 29 August,2021 11:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، پیپلز پارٹی سمیت باریاں لگانے والی سیاسی جماعتوں نے کرپشن، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس کے علاؤہ کچھ نہیں کیا۔

فرخ حبیب نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر انھیں عوام کا اتنا ہی خیال ہوتا تو یہ اپنے ادوار میں کرپشن کی بجائے عوامی خدمت پر توجہ مرکوز کرتے، پی ٹی آئی کی واحد حکومت ہے جس نے ہر سال صوبوں کو این ایف سی کے علاؤہ بھی مساوی مواقعے فراہم کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی حکومت کی کرپشن کی لازوال داستانوں کی وجہ سے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان، پانی فراہمی کے k-4 منصوبے پر وفاق خود کام کررہا ہے۔ اتوار کوبلاول زرداری کے بیان پر ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول صاحب، آج تک تو آپ یہ نہیں بتا سکے کہ این ایف سی کی مد میں وفاق کی جانب سے دیئے گئے 1900 ارب کہاں استعمال ہوئے، جھوٹ، کرپشن، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس پیپلز پارٹی کی پہچان بن چکی ہے، پرچی چیئرمین صاحب، سلیکٹڈ کی تعریف پر آپ پورا اترتے ہیں، سب جانتے ہیں کہ ایک وصیت پر آپ اس عہدے پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انصاف، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر 2023 کے الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی، بلاول سمیت دھاندلی زدہ اور چور راستے سے اقتدار میں آنے والے ایسے ہی منہ دیکھتے رہ جائیں گے،عوام جانتی ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی آڑ میں لوٹ مار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب، آپ کی کاکردگی یہ ہی ہے کہ زرداری کی اولاد ہیں، کبھی کسی سیاسی جدوجہد میں شامل نہیں ہوئے۔