اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات اور خصوصی اقدامات اسد عمر اور وفاقی وزیر برائے بین صوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں مجلس شوریٰ پارلیمنٹ سے صدر مملکت کے خطاب، قانون سازی اور نئے پارلیمانی سال کے کلینڈر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ 13ستمبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔
موجودہ قومی اسمبلی کے چوتھے پارلیمانی سا ل کا آغاز صدر مملکت کے خطاب سے ہو گا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ موثر قانون سازی کے ذریعے ہی ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے اور عوام کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔
چوتھے پارلیمانی سال میں زیر التوا قوانین کی منظوری اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق قوانین ترجیحی بنیادوں پر منظوری کے لیے پیش کیے جائیں۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی اسمبلی کے تیسرے پارلیمانی سال میں عوامی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد بلز منظور کیے گئے، بجٹ اور عوامی اہمیت کے حامل امور پر سیر حاصل بحث کی گئی۔
اسد قیصر نے کہا کہ قومی اسمبلی کی تین سالہ کارکردگی قابل ستائش ہے جس کا کریڈٹ حکومت اور اپوزیشن کے اراکین کو جاتا ہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ نئے پارلیمانی سال کا کلینڈر تیار کر لیا گیا ہے جسے ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔