قومی اسمبلی کے تیسرے پارلیمانی سال کی کارکردگی رپورٹ جاری

Published On 17 August,2021 10:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کا تیسرا پارلیمانی سال مکمل ہوگیا۔ وزیر اعظم کی قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت کی شرح صرف 9 فیصد رہی تاہم قانون سازی میں سو فیصد اضافہ ہوا۔ رواں سال اسمبلی نے 60 بل منظور کیے۔

غیر سرکاری ادارے پلڈاٹ کے مطابق گزشتہ سال قومی اسمبلی نے صرف 30 بل جبکہ تین سال میں مجموعی طور پر 100 بل منظور کیے۔ نواز شریف دور میں اسمبلی نے اسی مدت میں 69 بل منظور کیے تھے۔ تیسرے پارلیمانی سال میں 20 آرڈیننس اسمبلی میں پیش ہوئے جبکہ گزشتہ سال 31 آرڈیننس پیش ہوئے تھے۔

تیسرے پارلیمانی سال میں قومی اسمبلی اجلاس 217 گھنٹے 10 منٹ جاری رہا جو دوسرے پارلیمانی سال 340 گھنٹے 20 منٹ رہا تھا۔ تیسرے پارلیمانی سال میں ارکان کی حاضری کا تناسب 65 فیصد رہا جو دوسرے پارلیمانی سال میں 64 فیصد تھا۔

رپورٹ کے مطابق تین سال میں وزیراعظم کی اسمبلی میں حاضری کی شرح 12 فیصد رہی جبکہ نواز شریف کی تین سال میں حاضری کی شرح 16 فیصد تھی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی حاضری کی شرح 13 فیصد رہی۔