اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایوان کی بدقسمتی ہے 3 سال میں ہاؤس قوانین اور قوائد و ضوابط سے نہیں چلا، ہمارا حق ہے کہ جب بھی ووٹ چیلنج ہوگا گنتی کرائی جائے گی۔
سابق وزیراعظم و رہنما مسلم لیگ نون شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج خورشیدشاہ، علی وزیر بجٹ اجلاس میں شریک ہیں، کیا یہ اس سے قبل ہاؤس کے ممبر نہیں تھے، خورشید شاہ ہاؤس کے پرانے ترین ممبران میں سے ہیں، جناب اسپیکر ! کیا آپ کو 2 سال خورشید شاہ کی کرسی خالی نظر نہیں آئی ؟ اسپیکر صاحب ! کیا آپ نے پارلیمان کی روایات نہیں پڑھیں ؟ ہم چاہتے ہیں یہ ہاؤس قوانین کے مطابق چلے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 3 سال میں یہ ہاؤس آئین کے مطابق نہیں چلا، اپوزیشن لیڈر تقریر نہیں کرسکتے تو شاید قائد ایوان بھی تقریر نہ کرسکیں، ہاؤس کو اس کی روایات کے مطابق چلایا جائے، جس طرح ہاؤس چل رہا ہے یہ پارلیمانی روایات نہیں۔