لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمشنر آفس لاہور میں کورونا وائرس کے سدباب کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور ایس او پیز کا جائزہ لینے اجلاس منعقد ہوا جس میں ویکسی نیشن کے حوالے سے سختیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین پر پیڈ ایکٹ لگایا جائے گا۔ اس کے علاوہ یکم ستمبر سے شہر کے تمام شاپنگ مالز میں بغیر ویکسی نیشن آنے والے شہریوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں ان ڈور شادی تقریبات پر مکمل پابندی، آؤٹ ڈور میں مقررہ تعداد کو چیک کرنے جبکہ تھانہ سطح پر انفورسمنٹ کمیٹیاں فعال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کمشنر لاہور کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہمیں ان دنوں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا سامنا ہے جو شہریوں کی غلفلت سے تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یکم ستمبر سے چیکنگ مزید سخت کر دی جائے گی۔ جو شہری ویکسین نہیں لگوائے گا اسے کوئی سروس فراہم نہیں ہو گی۔ شاپنگ مالز پر آنے والے ہر شہری کی ویکیس نیشن چیک کی جائے گی۔