سرینگر: (دنیا نیوز) بھارت انسانیت سے بھی عاری ہوگیا۔ سید علی گیلانی کے جسد خاکی کو قبضے میں لے لیا۔ حریت رہنما سید علی گیلانی کی نماز جنازہ آج مزار شہدا سرینگر میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم کی وصیت تھی انہیں مزار شہدا سرینگر میں دفن کیا جائے۔
حریت رہنما سید علی گیلانی کے سیاسی نمائندے عبداللہ گیلانی نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ شہید سید علی گیلانی کے اہل خانہ پر بھارتی اہلکاروں نے تشدد کیا، سید علی گیلانی کی میت کو بغیر غسل کے چھین کر بھارتی فورسز نامعلوم مقام پر روانہ ہوگئی۔ مرحوم کی وصیت تھی انہیں مزار شہدا سرینگر میں دفن کیا جائے۔
عبداللہ گیلانی نے پوری کشمیری قوم سے سڑکوں پر آنے کی اپیل کر دی۔ شہید رہنما کے سیاسی نمائندے سید عبداللہ گیلانی نے کہا ہے کہ ساری آزادی پسند قیادت سری نگر میں حریت کانفرنس کے دفتر میں موجود ہوگی۔ جنازے میں شرکت کیلئے مقبوضہ کشمیر کی مساجد میں اعلانات کر دیئے گئے۔
سید علی گیلانی کے انتقال پر بھارتی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے جاری ہیں۔ مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کر کے انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی ہے۔ شہید رہنما کے رہائشی علاقے حیدر پورہ میں غاصب فوج کی بڑی تعداد موجود ہے۔
سیدعلی گیلانی کے انتقال پر صحافیوں کو کوریج سے بھی روکا گیا ہے۔ بھارتی حکومت جنازے میں شرکت سے روکنے کیلئے پکڑ دھکڑ کر رہی ہے۔ پولیس نے قریبی رشتہ داروں کو حراست میں لے لیا۔ سری نگر کے مرکزی لال چوک میں پولیس اہلکاروں نے رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔