کراچی: (دنیا نیوز) کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ہوائی سفر سے متعلق سول ایوی ایشن نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس پر کورونا ویکسی نیشن کو یکم اکتوبر سے لازمی قرار دے دیا گیا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق یکم اکتوبر سے ویکسی نیشن کی دو ڈوز لگانے والے مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔ 17 سال اور زائد عمر کے مسافروں کو بغیر کورونا سرٹیفکیٹ جہاز میں سوار نہ ہونے دیا جائے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کو عمل درآمد کی ہدایت کر دی ہے۔ 17 سال سے کم عمر افراد اور مریضوں کو کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ ہوگا۔ مریضوں کو استثنیٰ سے متعلق میڈیکل سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔
سی اے اے نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان آنے اور جانے والے مسافروں پر سفر سے 72 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی شرط برقرار ہے۔ بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کے ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ہوں گے۔