پشاور: (دنیا نیوز) پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے 9 اضلاع میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں نئی پابندیوں کا اطلاق ہو گیا۔ طلبا کو 50 فیصد حاضری کے ساتھ دو گروپوں میں تین، تین دن سکول آنے کی اجازت ہوگی۔
فیصلہ این سی او سی کے اجلاس کی روشنی میں کیا گیا۔ ان اضلاع میں پشاور، صوابی، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، لوئر دیر، سوات، چترال اور ملاکنڈ شامل ہیں۔ اطلاق پرائمری، مڈل، ہائی، ہائر سکینڈری سکولز سمیت مدارس، ٹیوشن سنٹر، اکیڈیمی اور نجی اسکولوں پر لاگو ہوگا۔ تمام اسکولوں کے سربراہان کو سختی سے اعلامیہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 57 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 26 ہزار 35 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 71 ہزار 578 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 787 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 97 ہزار 694، سندھ میں 4 لاکھ 35 ہزار 159، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 63 ہزار 677، بلوچستان میں 32 ہزار 329، گلگت بلتستان میں 9 ہزار 993، اسلام آباد میں ایک لاکھ 242 جبکہ آزاد کشمیر میں 32 ہزار 329 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 79 لاکھ 31 ہزار 365 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 745 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 10 لاکھ 55 ہزار 467 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 606 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 57 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار 35 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 979، سندھ میں 6 ہزار 932، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 41، اسلام آباد میں 868، بلوچستان میں 339، گلگت بلتستان میں 174 اور آزاد کشمیر میں 702 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔