کوئٹہ:(دنیا نیوز) کوئٹہ کے علاقے مستونگ روڈ پر خود کش دھماکے کے نتیجے میں 4 سکیورٹی اہلکار جاں بحق، 19 زخمی ہو گئے، 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، زخمیوں اور لاشوں کو سی ایم ایچ سمیت قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا جبکہ شہر بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ سکیورٹی فورسز نے دھماکے کی جگہ کا گھیراو کر کے ناکہ بندی کر دی۔ ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خود کش حملہ آور نے موٹر سائیکل سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی سے ٹکرائی، دھماکے میں 5 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا خودکش تھا، دھماکے کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں کالعدم ٹی ٹی پی کے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور ان کی قربانیوں کوسلام پیش کرتاہوں۔ انہوں نے شہدا کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھی کوئٹہ حملے کی مذمت کی، ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں