بلوچستان حکومت 18 لاکھ سے زائد خاندانوں کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کرے گی

Published On 27 August,2021 10:00 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے 18 لاکھ سے زائد خاندانوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کرنے جا رہی ہے جو ملک کے ہسپتالوں میں کارآمد ہوگا۔

بلوچستان حکومت کا صوبے کے غریب خاندانوں کے لیے احسن اقدام، 18 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کے لیے صحت کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے جسکے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں 6 ارب روپے بھی مختص کیے گئے ہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے دعوی کیا جا رہا ہے کہ دو ماہ میں 18 لاکھ سے زائد خاندانوں میں ہیلتھ کارڈ جاری کر دیا جائے گا جس کے ذریعے نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کے پانچ سو سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج ہو سکے گا۔

بلوچستان کے شناختی کارڈ ہولڈرز ہیلتھ پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے اور فی خاندان 10 لاکھ روپے تک علاج معالجے کی سہولت میسر ہو گی، عوام نے بھی حکومتی فیصلے کو سراہا۔

شہریوں کا حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ اگر ہیلتھ کارڈ کے ساتھ صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنا دیا جائے تو یہاں کے باسیوں کی مشکلات میں کسی حد تک کمی ہو جائے گی۔

 

Advertisement