بلوچستان کے 18 لاکھ سے زائد خاندانوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجراء

Published On 20 August,2021 06:25 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے عوام کےلیے صوبائی حکومت کا ایک اور احسن اقدام، صوبے کے 18 لاکھ سے زائد خاندانوں کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے، ہیلتھ کارڈ سے ہر خاندان کے لیے 10 لاکھ کی انشورنس پالیسی ہوگی۔

سیکریٹری صحت بلوچستان نور الحق بلوچ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے لیے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے، بلوچستان میں 18 لاکھ 20 ہزار خاندانوں کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اجراء دو ماہ میں ہو جائے گا، جسکے ذریعے ہر خاندان کے لیے 10 لاکھ کی انشورنس پالیسی ہوگی، ،، بلوچستان میں رہنے والوں کا شناختی کارڈ ہی انکا ہیلتھ کارڈ ہوگا اورصوبے بھر کے شناختی کارڈ ہولڈرز ہیلتھ پالیسی سے مستفید ہوسکیں گے۔

نور الحق بلوچ کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کارڈ سے کوئٹہ سمیت ملک لے پانچ سو ہسپتالوں میں علاج کی سہولت میسر ہوگی اور صوبے کے عوام اپنا علاج پرائیویٹ ہسپتالوں سے بھی کرا سکیں گے، یہ ہیلتھ کارڈ صوبے میں صحت کے شعبے میں ایک انقلاب برپا کردے گا۔

سیکریٹری ہیلتھ نے کہا کہ ادویات کی کرپشن روکنے کے لیے ہر ہسپتال اپنی ادویات خود خریدے گا تاہم ادویات کے ریٹ محکمہ صحت طے کرے گا، بلوچستان کےتمام سرکاری ہسپتالوں میں فراہم کی جانیوالی ادویات کی پیکنگ مختلف ہوگی، سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہیلتھ کئیر کمیشن کے قیام کے لیے قانون سازی کر لی گئی ہے، اور کمیشن جلد ہی اپنا کام شروع کر دے گا۔