وزیراعظم کا بین الاقوامی برادری پر افغانستان میں رابطوں میں اضافے پر زور

Published On 05 September,2021 05:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں انسانی ضروریات کی فراہمی اور معاشی استحکا م کو یقینی بنانے کیلئے جنگ زدہ ملک سے رابطوں میں اضافہ کرے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے ناصرف افغان سلامتی کو استحکام ملے گا بلکہ ملک سے افغانوں کے وسیع پیمانے پر انخلا اور افغانستان میں پناہ گزینوں کے بحران کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

دونوں رہنمائوں نے افغانستان میں حالیہ پیش رفت خصوصاً انسانی امداد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت اور جامع سیاسی حل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ افغانوں کی سلامتی، خوشحالی اور پائیدار امن کے ذریعے افغانستان میں جاری چالیس سالہ تنازعہ کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

عمران خان نے افغان عوام کیلئے انتہائی ضروری امداد کی فراہمی کیلئے اقوام متحدہ کے اہم کردار کو سراہا۔

انہوں نے افغانستان میں اقوام متحدہ کے انسانی مشن کے امدادی مشن کی بلا تعطل سرگرمیوں کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کیلئے پاکستان کے مسلسل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
 

Advertisement