کراچی: میری ٹائم میوزیم میں جنگ ستمبر میں استعمال ہونیوالا بحری سازو سامان آج بھی محفوظ

Published On 06 September,2021 12:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) 6 ستمبر 1965 کا مارکا پاکستان کی بقا کے لیے ایک عظیم کارنامہ تھا، جسے شہدا نے اپنی جان کا نظرانہ دے کر بچایا، اس عظیم کارنامے کو ہمیشہ یاد رکھنے کے لئے کراچی میں میری ٹائم میوزیم میں اس جنگ میں استعمال ہونے والے بحری سازو سامان کو محفوظ کیا گیا ہے۔

کراچی کے میری ٹائم میوزیم میں آج بھی جنگ ستمبر میں استعمال ہونے والے بحری سازو سامان محفوظ ہیں۔ جو ہمیشہ ہمارے بہادروں کی شجاعت یاد دلاتے رہیں گے۔

تقریباً 22 ایکڑ رقبے پر قائم میوزیم کا افتتاح 27 مارچ 1997ء کو کیا گیا تھا۔ میوزیم کے داخلی گیٹ کے بالکل سامنے ایک آہنی مچھلی کا ماڈل بھی بنایا گیا ہے جبکہ خوبصورت چھوٹی جھیل میں ایک آبدوز رکھی گئی ہے۔

6 ستمبر 1965 کو بھارت نے واہگا بارڈر پر حملہ کر کے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو آپریشن سومناتھ کے تحت پاک بحریہ کے سات جہازوں نے حملہ کر کے بھارت کی دوارکا نامی ریڈار تنصیبات کو تباہ کر دیا تھا۔ یہ تنصیبات بھارتی بحریہ اور فضائیہ کراچی پر حملے کے لیے استعمال کرسکتی تھی۔

نیول چیف گیلری میں بحریہ کے تمام ریٹائر ہونے والے سربراہوں کے پورٹریٹ، یونیفام اور زیر استعمال اشیاء محفوظ کئے گئے ہیں۔ گیلری میں جنگ میں استعمال آبدوز، ٹینک اور اسلحے کے دیگر نمونے بھی رکھے گئے ہیں جبکہ ایک ہوائی جہاز، بحری حہاز اور دیگر سامان بھی اس میوزیم کا حصہ ہے۔

میوزیم کا نظارہ جدید تصورات پر مبنی ہے، جس میں مجسمے، مختلف قسم کی پینٹنگز اور قدیم ہتھیاروں کے ذریعے سمندر اور بحریہ کے مختلف پہلوؤں کو واضح کیا گیا ہے۔ ارض وطن کی خاطر ہماری مسلح افواج کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ آزاد مملکت خداداد بھی انہی شہدا کی قربانیوں کا نتیجہ ہے رہتی دنیا تک قوم شہدا کی مقروض ہے۔
 

Advertisement