شریف خاندان تین سال سے کیس کو چلنے نہیں دے رہا: وزیر مملکت فرخ حبیب

Published On 08 September,2021 03:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شریف خاندان تین سال سے کیس کو چلنے نہیں دے رہا، التوا کے پیچھے چھپنا ان کا وتیرہ رہا ہے، اب تو ان کے وکیل بھی بیمار ہونے لگے ہیں، نون لیگ عوام کو مزید گمراہ نہیں کرسکتی، تاخیری حربوں کا ڈھونگ اب ختم ہونا چاہیے۔

وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہتھکنڈوں کے پیچھے چھپنا شریف خاندان کا پرانا طریقہ ہے، شریف خاندان کے ڈھونگ کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے، حدیبیہ پیپر ملز کیس بھی التوا کے ذریعے خارج کرایا گیا، یہ ہمیشہ کوشش کرتے ہیں ان کے کیسز میں تاخیر ہو، چیلنج ہے مریم نواز روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا کہیں، شریف خاندان سے جب بھی کرپشن پر سوال ہوتا ہے یہ بیمار ہو جاتے ہیں۔

دوسری جانب مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کو تاخیری حربوں کی اجازت نہیں دینی چاہیے، تاخیری حربوں سے عدالت کی کیس سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے، یکم ستمبر کو ہونیوالی سماعت پر مریم نواز کے وکیل دستیاب نہیں تھے، 31 اگست کو مریم نواز کے وہی وکیل احتساب عدالت میں پیش ہوئے، آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے موقع پر مریم نواز نے مقدمے سے وکیل کو ہٖٹا دیا۔

Advertisement