الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑلئے، شفاف انتخابات کی طرف کیوں نہیں جانا چاہتا: اعظم سواتی

Published On 10 September,2021 02:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، پتہ نہیں کیسے الیکٹرانک مشین سے متعلق 37 اعتراضات عائد کردیئے، جواب دینا ہوگا الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کی طرف کیوں نہیں جانا چاہتا۔

وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے الیکٹرانک مشین الیکشن کمیشن کے بتائے گئے ٹیکنیکل پہلووں کے تحت بنائی۔ الیکشن کمیشن نے پتہ نہیں کیسے 37 اعتراضات عائد کردیے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق تو سارا کام تو خود الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، کونسی الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنی ہے، یہ فیصلہ بھی الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی بنائی گئی مشین تو صرف ایک نمونہ ہے، پارلیمان بھی کہہ رہی ہے کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کریں، جس بھی ادارے میں کرپشن ہورہی تھی اس میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے بہتری آئی، حکومتی خاتون رکن کی 2 دن کمیٹی میں بے عزتی کی گئی اس لےو وہ آج نہیں آئیں، آج خاتون رکن کو آن لائن لینے کا کہا لیکن نہیں لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ بتایا جائے آخر کون ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کرنا چاہتا، عمران خان جہاد کررہے ہیں، حکومت ہر طرح سے الیکشن کمیشن کو امداد دینے کے لےو تیار ہے، وقت آگیا ہے کہ اب الیکشن کمیشن کو جواب دینا ہوگا، الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کی طرف کیوں نہیں جانا چاہتا۔
 

Advertisement