ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا زرعی پیداوار اور ملکی ترقی میں کردار صفر: فرخ حبیب

Published On 14 September,2021 11:47 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا زرعی پیداوار اور ملکی ترقی میں کردار صفر ہے، انہوں نے لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس بنانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، پی ڈی ایم نے آنکھوں پر صرف این آر او کی پٹی باندھی ہوئی ہے۔

معاون خصوصی فرخ حبیب نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوا، وزیراعظم ملک کی دولت بڑھانے کی بات کرتے ہیں، کسی صورت گراں فروشی کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اپنے مسائل ہیں، ان کا مسئلہ این آر او ہے، بلاول اور مریم کہہ رہے تھے لاک ڈاؤن کر دیں کوئی بندہ مرگیا تو ایف آئی آر عمران خان پر کٹے گی۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ 2008 سے 2018 تک قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافہ نہیں ہوا، کورونا وبا کے دوران شپنگ اور لاجسٹکس کاسٹ میں اضافہ ہوا، آج ایک ہزار ارب روپے کے منصوبے کمرشل اور ہاؤسنگ میں منظور کئے گئے، متوسط طبقے کیلئے کامیاب جوان پروگرام بہت اہم ہے، کم آمدن والے متوسط طبقے کیلئے اپنا گھر اسکیم لائے۔
 

Advertisement