اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اکبر ایس بابر کو پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس دیکھنے کی اجازت ہے، ہمیں بھی ن لیگ کے اکاؤنٹس دیکھنے کی اجازت دی جائے، ان کی چالاکیاں اب نہیں چلیں گی، ان کے پاس ثبوت نہیں تو قطری خط ہی لے آئیں۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا فارن فنڈنگ کیس 5 سال سے زیر سماعت ہے، الیکشن کمیشن نے کھاتوں کی چھان بین کیلئے اسکروٹنی کمیٹی بنا رکھی ہے، اسکروٹنی کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوچکے، الیکشن کمیشن کی ڈیوٹی ہے تمام جماعتوں کے کھاتوں کی جانچ پڑتال کرے، پی ٹی آئی، ن لیگ، پیپلزپارٹی کے کیس کی ایک ہی اسکروٹنی کمیٹی ہے، ن لیگ نے آج جواب جمع کرایا کہ اپنے اکاؤنٹس دکھانے کو تیار نہیں۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ٹھپہ مافیا شفاف انتخابات کی مخالفت کر رہا ہے، الیکشن کمیشن کا احترام اپنی جگہ موجود ہے لیکن اسکی ذمہ داری بھی واضح ہے، تین، تین باریاں لینے والوں نے شفاف الیکشن کیلئے کوئی کام نہیں کیا، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو پر ہمیں درخواستیں دینا پڑتی ہیں، ڈسکہ میں آپ ساری رات جاگ کر نوٹس لیتے ہیں، کبھی آفیشل اکاؤنٹس سے ٹویٹ ہو جاتے ہیں، کبھی پریس ریلیز آجاتی، فضل الرحمان نے الیکشن کمیشن پر دھاندلی کا الزام لگایا تھا، دیکھنا ہوگا کہ نوٹسز کا جھکاؤ ایک جانب ہی کیوں ہے۔