لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے حکم پر الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کے ارکان کو اکسانے پر وزرا کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے فواد چودھری اور شبلی فراز کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ارکان کو بغاوت پر اکسانا آئین سے غداری اور آئینی اداروں پر حملہ ہے، وزراء کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، الیکشن کمیشن اور ارکان پارلیمان کے سوالات کے حکومت کے پاس جواب نہیں، اس لئے پی آئی ڈی میں بیٹھ کر الیکشن کمیشن پر حملے کئے جا رہے ہیں، عمران صاحب غیر قانونی فارن فنڈنگ سے نجات کے لئے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔
یاد رہے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک بار پھر چیف الیکشن کمشنر کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے معلوم ہوتا ہے الیکشن کمشنر اپوزیشن کی زبان بول رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر بھونڈے اعتراضات لگائے، چیف الیکشن حکومتی انتخابی اصلاحات کے مخالف لگ رہے ہیں، دوسرے ممبران آگے بڑھیں اور چیف الیکشن کمشنر کے فیصلوں پر نظرثانی کریں۔