شاہی قلعے کے عالمگیری دروازے کے اندرونی حصے کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت کر دی گئی

Published On 22 September,2021 11:01 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں صدیوں تک بادشاہوں کی گزرگاہ رہنے والے شاہی قلعے کے عالمگیری دروازے کی بندش کو سالوں بیت گئے۔ دروازے کی طویل بندش سے اِس کے اندرونی حصے اور فریسکو کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت کر دی گئی۔

بادشاہی مسجد کے مرکزی دروازے کےعین سامنے شاہی قلعے کا عالمگیری دروازہ آج بھی پوری شان و شوکت اور مضبوطی کے ساتھ موجود ہے۔ اگرچہ
وقت کے تھپیڑے سہتے سہتے عالمگیری دروازہ کسی حد تک پیرانہ سالی کا شکار بھی ہوچکا ہے لیکن اِس کی مضبوطی کو بہرحال کئی صدیوں کے بعد بھی چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔

یہ دروازہ خصوصی طور پر ہاتھیوں کی آمدورفت کے لیے بنایا گیا تھا، جس کے باعث اِس کی اونچائی بہت زیادہ رکھی گئی۔ اب یہ کئی سالوں سے بند پڑا اپنے ماضی کو یاد کرتا رہتا ہے۔ طویل بندش کے باعث اِس کے اندرونی حصے اور وہاں فریسکو کے کام کو بھی نقصان پہنچا، جسے اب بہتر بنا دیا گیا ہے۔ مرمت کے باوجود ابھی تک اِسے کھولے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
 

Advertisement