بلاول بھٹو سے امریکی ناظم الامور،برطانوی ہائی کمشنر اور چینی سفیر کی ملاقات

Published On 24 September,2021 07:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر اور چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقاتیں کیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے امریکی ناظم الامور اور برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی بدلتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ڈپلومیٹس نے چئیرمین پیپلزپارٹی کودورہ سندھ سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں امریکی ناظم الامور اینگلا ایگلر نے بلاول بھٹو زرداری کوبتایا کہ وہ جلد سندھ کا دورہ کرنا چاہتی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے انہیں خوش آمدید کہا اورامید ظاہر کی کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مہمان نوازی سے امریکی ناظم الامور کا دورہ سندھ یادگار رہے گا۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے بھی چئیرمین پیپلزپارٹی کو اپنے دورہ سندھ سے متعلق آگاہ کیا۔بلاول بھٹو نے برطانوی ہائی کمشنر کے دورہ سندھ کا خیرمقدم کیا۔

دوسری طرف پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے چینی سفیر نونگ رونگ کی زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران طویل اور پائیدار پاک چین دوستی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول اور چینی سفیر کے درمیان اقتصادی راہداری کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی جبکہ افغانستان کی صورت حال کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔
 

Advertisement