لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماوں نے اقوا م متحدہ میں کشمیریوں کا بھر پور مقدمہ لڑنے پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر سلطان محمود اور گورنرچوہدری محمد سرور نے خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل کو لازمی قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے سفیر بن کر انکا مقدمہ لڑ ررہے ہیں۔ گورنر چوہدری محمدسرور کا کہنا تھا کہ بھارت سفارتی سطح پر دنیا میں تنہا اور بے نقاب ہوچکا ہے، ہم کشمیر یوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ بندوق اور گولی کی طاقت سے بھارت کشمیریوں کی آواز کو کسی صورت دبا نہیں سکتا۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کا قتل عام کر رہا ہے، دنیا کو بھارتی مظالم کا فوری اور سخت نوٹس لینا چاہیے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم آزادکشمیر کو مضبوط اور خوشحال بنائیں گے۔ پاکستان کے موجودہ کوششوں کی وجہ سے کشمیریوں کی آواز آج دنیا کے کونے کونے میں پہنچ رہی ہے۔ کشمیری عوام جرات کیساتھ اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہی ہے، انشاءاللہ وہ کامیاب ہونگی۔