بجٹ کا سب سے بڑا خرچہ قرضوں کی واپسی ہے:فواد چودھری

Published On 26 September,2021 04:25 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ بجٹ کا سب سے بڑا خرچہ قرضوں کی واپسی ہے ،جو لوگ مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ملک کے حالات انہی کی وجہ سے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیر مواصلات مراد سعید کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے کہا مہنگائی بہت زیادہ ہے، معیشت کمزور ہوگئی ہے ،ملک میں مہنگائی کیوں ہے، معیشت کمزور کیوں ہے؟

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان سڑکوں کے نام پر کرپشن کے خلاف تھے ،جب موٹروے سائن کیا گیا اسی وقت ایون فیلڈ اپارٹمنٹ خریدے جارہے تھے ،سڑکوں کے نام پر بہت بڑی کرپشن کی جارہی تھی جبکہ دو ارب ڈالر ڈیوو کمپنی کو سود کی مد میں ادائیگی کی گئی تھی۔

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے تین سالوں میں دس ارب ڈالر کے قرضے واپس کئے ہیں ،ترقی کے جس معاملے کو اٹھاتے ہیں پتا چلتا ہے نیچے کرپشن کے پہاڑ کھڑے ہیں ،لندن فرانس میں اربوں روپے ابھی بھی چھپایا ہوا ہے جبکہ ملک کا وزیر اعظم اورکابینہ کرپشن میں ملوث ہوتو ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ اس وزارت میں یہ نعرہ لگایا جاتا تھا کہ کھاتا ہے تو لگاتا ہے ،جو کنٹریکٹس دئیے گئے وہ ہماری ویب سائٹ پر موجود ہیں جبکہ وزیر اعظم قرضے لے کر سڑکیں بنانے کے مخالف تھے۔

مراد سعید نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ ہم ایک موٹروے بھی قرضے لے کر نہیں بنا رہے ،اسلام آباد لاہور موٹروے ایک سو سات کلومیٹر زیادہ طویل بنایا گیا، ہمارے اور انکے سّڑکیں بنانے میں کیا فرق ہے ، ن لیگ دور میں چار رویہ سڑک 37 کروڑ روپے میں بنی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک ایک کلومیٹر میں44 کروڑ کرپشن کدھر جارہی تھی ،یہ پیسہ آپ کو لندن میں یا فیک اکاؤنٹس میں ملے گا۔

وزیر مواصلات نے کہا کہ ہمارا ان سے مقابلہ کیا جائے تو اب تک تین ہزار ارب کی بچت کی جاچکی ہے۔
 

Advertisement